ٹرمپ کی اوباما خاندان کی توہین آمیز ویڈیو پر مذمت، مگر معافی سے انکار
کراچی (نیوز ڈیسک)صدر ٹرمپ کی اوباما خاندان کی توہین آمیز ویڈیو پر مذمت، مگر معافی سے انکار، امریکی صدر کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ویڈیو میں اوباما اورمشیل کو بندروں کی صورت میں دکھایا گیا۔ پہلے دفاع ، پھر ویڈیو غلطی قرار دیکر حذف ،ریپبلکن سینیٹرز اور سول رائٹس تنظیموں کی شدید تنقید، غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی اس ویڈیو کی مذمت تو کی ہے جس میں سابق صدر باراک اوباما اور سابق خاتونِ اول مشیل اوباما کو بندروں کی صورت میں دکھایا گیا، تاہم انہوں نے اس پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔ اس ویڈیو کو افریقی نژاد افراد کی تذلیل قرار دیتے ہوئے ڈیموکریٹس کے ساتھ ساتھ ریپبلکن پارٹی کے بعض ارکان نے بھی سخت تنقید کی۔ وائٹ ہاؤس نے ابتدا میں اسے ایک بے ضرر انٹرنیٹ میم قرار دے کر دفاع کیا، مگر شدید ردعمل کے بعد 12 گھنٹے کے اندر پوسٹ کو حذف کر دیا گیا اور کہا گیا کہ ایک عملے کے رکن نے یہ ویڈیو غلطی سے شیئر کی تھی۔



