بانئ پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کی استدعا مسترد

سپریم کورٹ نے بانئ پی ٹی آئی سے فوری ملاقات کی استدعا مسترد کر دی۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔
تحریکِ انصاف کے رہنما لطیف کھوسہ کی بانی سے ملاقات کی استدعا پر حکومت کو کل کے لیے نوٹس جاری کر دیا گیا۔
چیف جسٹس پاکستان یحییٰ آفریدی نے لطیف کھوسہ سے مکالمے میں کہا کہ ہم بغیر نوٹس ایسا کوئی حکم نہیں دے سکتے، ابھی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے کے اعتراض کی رکاوٹ کو عبور کرنا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ ذہن میں رکھیں آپ کے مقدمات دوسری عدالتوں میں زیرِ التواء ہیں، ہمارے خیال میں یہ کیس غیر مؤثر ہو چکا ہے، 24 اگست 2023ء کا حکم نامہ تھا جس کے خلاف کیس آیا تھا۔
چیف جسٹس پاکستان کا کہنا ہے کہ بغیر نوٹس جاری کیے ملاقات سے متعلق کوئی آرڈر نہیں دے سکتے، یہ دیکھنا ہو گا کہ کیس غیر مؤثر ہو چکا یا ابھی چلایا جا سکتا ہے۔
عدالت نے القادر ٹرسٹ میں بانئ پی ٹی آئی کی درخواستِ ضمانت غیر مؤثر ہونے پر خارج کر دی۔



