بنگلہ دیش میں 12فروری کے انتخابات کی تیاریاں، عوام میں جوش و خروش
ڈھاکا( نیوز ڈیسک) بنگلہ دیش میں 12 فروری کے انتخابات کی الیکشن کمیشن نے تیاریاں مکمل کرلیں، سیاسی جماعتوں کی جانب سے جاری انتخابی مہم میں عوام کی جانب سے بہت جوش و خروش سامنے آیا ہے، انتخابی مہم براہ راست ووٹرز سے رابطے کے مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، گھر گھر کنوینسنگ، محلے کی سیر، سڑکوں پر ریلیاں اور بڑے پیمانے پر عوامی اجلاس ہو رہے ہیں۔ انتخابی مہم کے دوران BNP، جماعت اسلامی اور نیشنل سٹیزن پارٹی (این سی پی) سمیت بڑی جماعتوں نے دارالحکومت ڈھاکہ ،چٹا گانگ ،سلہٹ اور ملک کے دیگر شہروں میں بڑی ریلیاں نکالیں،12 فروری کو ہونے والے 13ویں قومی پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے کیے گئے ایک تازہ عوامی سروے میں بی این پی اور جماعتِ اسلامی قیادت میں بننے والے اتحاد کے درمیان سخت مقابلہ ہوگا۔بنگلادیشی میڈیا کا کہنا ہے کہ سروے کے مطابق بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی قیادت میں قائم اتحاد کو 44.1 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے جبکہ بنگلادیش جماعتِ اسلامی کے زیر قیادت 11 سیاسی جماعتوں پر مشتمل انتخابی اتحاد کو 43.9 فیصد ووٹ مل سکتے ہیں۔



