اپوزیشن کا بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ
لاہور(خالدمحمودخالد) اپوزیشن کا بھارتی لوک سبھا کے اسپیکر کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ ۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی پارلیمنٹ کے بجٹ سیشن کے دوران کشیدگی میں مزید شدت آگئی۔ اپوزیشن کے مشترکہ انڈیا اتحاد نے لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لانے کا فیصلہ کیا ہے۔ نئی دہلی میں کانگریس پارلیمانی پارٹی کے سربراہ ملکارجن کھرگے کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں اس حوالے سے انڈیا بلاک کے فلور لیڈرز نے مکمل اتفاق کیا۔ اپوزیشن اراکین پارلیمنٹ نے اسپیکر پر جانبداری اور حزب اختلاف کی آوازوں کو دبانے کا الزام عائد کیا ہے۔ خاص طور پر لیڈر آف اپوزیشن راہول گاندھی کو صدر جمہوریہ کے خطاب پر شکریہ کی تحریک کے دوران اور بھارت-امریکہ کے عبوری تجارتی معاہدے جیسے اہم معاملات پر بات کرنے سے روکا جانے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔



