وزیرِاعلیٰ کے پی سہیل آفریدی

وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وفاق نے صوبہ خیبر پختون خوا کے 4 ہزار ارب روپے سے زائد روک رکھے ہیں، یہ پیسہ میں عوام کی مدد سے وفاق سے لوں گا۔
پشاور میں انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے سالانہ کانووکیشن سے خطاب میں کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں، یہاں تعلیم، صحت یا اسپورٹس ہر طرح کا ٹیلنٹ موجود ہے بس یہاں مواقع کے مسائل ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختون خوا کو ہمیشہ تجربہ گاہ بنا دیا گیا، ہر ایک نے اپنا تجربہ کیا، جس کے باعث بے امنی پیدا ہوئی، اب صوبے کو مزید تجربہ گاہ نہیں بننے دوں گا۔
وزیرِاعلیٰ نے کہا کہ میں اپنے لیے کسی کے در پر نہیں جاؤں گا تاہم کوئی مجھے کتنا ہی ناپسند ہو، لیکن اپنے صوبے کے مفاد کے لیے ساتھ بیٹھوں گا۔
انہوں نے کہا کہ جامعات میں بے روزگاروں کی ایک کھیپ تیار کی جا رہی ہے، ملک میں 5 ہزار 300 ارب روپے کی کرپشن کی گئی، جو کسی کو نظر نہیں آ رہی۔
وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا ہے کہ خیبر پختون خوا کے ساتھ ہمیشہ امتیازی اور سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا گیا، بعض مائنڈ سیٹ کے لوگ نہیں چاہتے کہ کے پی کے لوگ ترقی کریں۔
سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا ہے کہ ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ہمارے نوجوان روزگار کے بغیر نہ ہوں اور ہم نے مل کر پاکستان کو عظیم ملک بنانا ہے۔



