سینیٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی کے دوران دلچسپ صورتحال، ارکان ہنسی نہ روک سکے

سینیٹ قائمہ کمیٹی فوڈ سیکیورٹی کے اجلاس کی کارروائی کے دوران دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی، ارکان ہنسی نہ روک سکے۔
سید مسرور احسن کی زیر صدارت سینیٹ قائمہ کمیٹی فوڈ سیکیورٹی اجلاس میں ایجنڈے کے دوران کمیونٹی ایکشن پلان فار مینجمنٹ آف سسٹین ایبل ایکوسسٹم لائیوز اینڈ لائیولی ہڈ پر بحث ہوئی۔
چیئرمین قائمہ کمیٹی CAMELL کی بجائے Camel یعنی اونٹ سمجھ کر بحث کرتے رہے، انہوں نے کہا کہ تھرپارکر میں اونٹوں کے تحفظ اور ان کی بہتری کے لیے کیا کام ہو رہا ہے؟ آپ وزارت کو سنجیدہ نہیں لے رہے اس لیے آدھی تفصیلات کے ساتھ آجاتے ہیں۔
وزیر مملکت فوڈ سیکیورٹی ملک رشید نے کہا کہ اونٹوں کی افزائش پر کام ہورہا ہے، اگلے اجلاس میں ساری تفصیلات دیں گے۔
سینیٹر دنیش کمار نے کہا کہ ڈی جی کیا تفصیلات بتائیں گے ان کو تو کیمل کی اسپیلنگ بھی صحیح سے نہیں آتی۔
پاکستان ایگریکلچرل ریسرچ کونسل (پی آر سی) کے ممبر نے کہا کہ سر یہ CAMELL ہے Camel یعنی اونٹ نہیں ہے، چیئرمین قائمہ کمیٹی نے کہا کہ کیمل تو ایک ہی ہوتا ہے آپ کس کی بات کر رہے ہیں؟
ممبر پی اے آر سی نے کہا کہ سر یہ کمیونٹی ایکشن پلان کے حوالے سے پروگرام کا مخفف ہے، صورتحال واضح ہونے کے بعد سینیٹ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں ارکان ہنسی نہ روک سکے۔



