میٹروپولیٹن یونیورسٹی میں 35 برس بعد ’گرلز کامن روم‘ قائم، باقاعدہ افتتاح کردیا

کراچی میٹروپولٹن یونیورسٹی (سابقہ کے ایم ڈی سی) میں 35 برس بعد طالبات کو محفوظ اور پُرسکون جگہ کی فراہمی کے لیے وسیع ’گرلز کامن روم‘ قائم کر کے اس کا باقاعدہ افتتاح کردیا گیا۔
یہ افتتاح ہفتے کے روز سیکریٹری سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) ڈاکٹر نعمان احسن اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے مشترکہ طور پر کیا۔
اس موقع پر وائس چانسلر نے اپنے خطاب میں کہا کہ جدید دور کی جامعات کو صرف تعلیم و تحقیق تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں طلبہ کی روزمرہ ضروریات اور سہولتوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے۔

ان کے مطابق طالبات کے لیے کامن روم کا قیام اسی وژن کا حصہ ہے جس کا مقصد ایک ایسا تعلیمی ماحول فراہم کرنا ہے جہاں طلبہ خود کو محفوظ، باوقار اور پُراعتماد محسوس کریں۔
سیکریٹری سندھ ایچ ای سی ڈاکٹر نعمان احسن نے اس موقع پر کہا کہ تعلیم کے معیار میں بہتری صرف کمرہ جماعت تک محدود نہیں ہوتی، بلکہ طلبہ کے لیے محفوظ اور سہولت بخش ماحول فراہم کرنا بھی اسی معیار کا اہم پہلو ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی کا یہ اقدام ناصرف طالبات کی بنیادی ضروریات کو پورا کرتا ہے بلکہ ان کے خود اعتمادی کو بھی فروغ دے گا۔ ہم اس منصوبے کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ دیگر تعلیمی ادارے بھی اسی جذبے کی تقلید کریں گے۔
تقریب کے اختتام پر موجود طلبہ کے درمیان یہ احساس نمایاں تھا کہ یہ اقدام ادارے میں ایک مثبت تبدیلی کی علامت ہے۔ طالبات نے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اتنے برسوں بعد یہ سہولت ملنا ہمارے لیے بہت معنی رکھتا ہے۔ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ادارہ واقعی مثبت سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔
کراچی میٹروپولیٹن یونیورسٹی انتظامیہ کے رجسٹرار ڈاکٹر محمود کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی طلبہ کی سہولتوں اور تعلیمی ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مزید اقدامات زیر غور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ گرلز کامن روم بظاہر ایک سادہ سی سہولت ہے، مگر درحقیقت یہ اس بات کی علامت ہے کہ جب ادارے طلبہ کی ضروریات کو سنجیدگی سے سمجھتے اور ان پر عمل کرتے ہیں تو حقیقی ترقی ممکن ہو جاتی ہے۔




