مارچ کی پیٹرولیم ضروریات مکمل طور پر محفوظ کرلی گئیں، وزیر خزانہ

وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے مارچ کی پیٹرولیم ضروریات مکمل طور پر محفوظ کرنے کی نوید سنا دی۔
وزیر خزانہ کی زیر صدارت پیٹرولیم کی نگرانی سے متعلق قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس میں ایندھن کے وافر ذخائر اور سپلائی چین سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
کمیٹی نے ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا، اس موقع پر خام تیل اور ریفائن شدہ پیٹرولیم مصنوعات کی موجودہ قومی ذخائر پر بھی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں درآمدی انتظامات اور سپلائی چین کی لاجسٹکس کے بارے میں بتایا گیا اور کہا گیا کہ ایندھن کی دستیابی کے حوالے سے ملک کی پوزیشن تسلی بخش ہے، مارچ کی پیٹرولیم ضروریات مکمل طور پر محفوظ کرلی گئی ہیں۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ سپلائی انتظامات کی بنیاد پر اپریل کے وسط تک ایندھن کی دستیابی یقینی ہے، اپریل کے آخر تک دستیابی یقینی بنانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ مارچ کے دوران خام تیل اور اہم پیٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، اپریل کےلیے بھی فراہمی یقینی بنانے کی منصوبہ بندی کی جا چکی ہے، عالمی منڈی سے سپلائی کے مزید ذرائع تلاش کیے جارہے ہیں۔
اس موقع پر وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ حکومت پیٹرولیم کی بلاتعطل دستیابی یقینی بنانے کیلئے مکمل متحرک ہے، پیٹرولیم کے موجودہ ذخائر اور سپلائی کی صورتحال مستحکم ہے، گھبراہٹ میں خریداری یا غیرضروری ذخیرہ اندوزی کی کوئی ضرورت نہیں۔




