پاکستان کی پالیسی کتنی واضح ہے وقت آنے پر پوری دنیا دیکھے گی، عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ جب وقت آئے گا پاکستان کی پالیسی پوری دنیا دیکھے گی کہ کتنی واضح ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو میں عطا تارڑ نے کہا کہ افغان طالبان رجیم کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ دہشت گردوں کے ساتھ ہے یا پاکستان کے ساتھ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی کے تانے بانے افغانستان سے ملتے ہیں، آپریشن غضب للحق کے اہداف واضح ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پاکستان کا موقف واضح ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو ختم کرنا ہے، افغانستان میں دہشت گردوں یا افغان طالبان رجیم کے انفرااسٹرکچر پر حملے کیے گئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم نے اسپتال پر حملے کا جھوٹا بیانیہ بنانے کی کوشش کی، افغان طالبان رجیم کو جھوٹی پوسٹس ڈیلیٹ کرنا پڑیں۔
عطا تارڑ نے یہ بھی کہا کہ جہاں ہم نے حملہ کیا وہاں ایمونیشن رکھا گیا تھا، وہاں دھماکے ہونا اس کا ثبوت ہے، جب وقت آئے گا پاکستان کی پالیسی پوری دنیا دیکھے گی کہ کتنی واضح ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، ہم تمام دوست ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔




