ہمسائیوں کیساتھ جنگ نہیں، امریکی اڈے ہمارا ہدف ہیں، ایرانی قونصل جنرل
پاکستان میں ایرانی قونصل جنرل کا کہنا ہے کہ ہمسائیوں کے ساتھ کوئی جنگ نہیں، امریکا نے پڑوسی ممالک میں اپنے فوجی اڈے بنائے ہیں، امریکی اڈے ہی ہمارا ہدف ہیں۔
لاہور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل مہران موحدفر نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل اور امریکا نے جنگ شروع کی، ایران اسے ختم کرے گا۔ امریکا کو مغربی ایشیا سے چلے جانا چاہیے۔
ایرانی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ جنگ نے ثابت کیا امریکا اور اسرائیل مسلم ممالک میں اختلافات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ اسرائیل اور امریکا نے یہ جنگ ایران پر مسلط کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکی اڈے ہی ہمارے اہداف ہیں، ایران کی خارجہ پالیسی میں کوئی تبدیل نہیں آئے گی۔ ہمسائیوں کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں، کوئی جنگ نہیں ہے۔
ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ ہمسائیوں نے اپنی مٹی کا کچھ حصہ امریکا کے سپرد کیا ہے، امریکا نے ہمسائیوں کے اس حصے پر اپنے فوجی اڈے بنائے ہیں۔
مہران موحدفر نے کہا کہ اکثر زائرین فلائٹس کے ذریعے مشہد اور تہران جاتے تھے، زائرین کے لیے فضائی آپریشن فی الوقت معطل ہے۔ جنگ سے پہلے روزانہ زائرین کی خدمت کر رہے تھے۔
انہوں نے واضح کیا کہ چین اور روس کے ساتھ تعلقات کا جنگ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایرانی حکومت چاہتی ہے کہ جنگ کے اثرات عوام کی زندگی، بچوں کی صحت اور باقی امور پر کم سے کم پڑیں۔ مہنگائی کا خیال رکھتے ہوئے تنخواہوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ عید نوروز، عید الفطر اور جنگ کی کامیابی کا جشن ایک ساتھ منائیں گے۔ ایران میں عید نوروز اور عید الفطر معمول کے مطابق منائیں گے۔
مہران موحدفر کا کہنا تھا کہ ایران میں لوگوں کے روزمرہ کے کام معمول میں چل رہے ہیں۔ ایرام میں دکانوں پر تمام سامان وافر مقدار میں موجود ہے۔




