وزیراعلیٰ کی فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت

مٹھی سول اسپتال کے چیف میڈیکل آفیسر ڈاکٹر عبدالکریم شیخ کی مبینہ خودکشی کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ انسانی حقوق سندھ کو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔
ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ انسانی حقوق کا کہنا ہے کہ ٹیم نے حقائق اور ریکارڈ جمع کرنے کے کا کام شروع کردیا ہے۔ تھرپارکر کے ضلعی حکام سمیت محکمہ صحت و پولیس افسران سے معلومات لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ منصفانہ اور شفاف فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ کو یقینی بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ مٹھی سول اسپتال کے سی ایم او ڈاکٹر عبدالکریم کی سرکاری کوارٹرز میں انکی رہائش گاہ سے پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی۔
پولیس کے مطابق متوفی ڈاکٹر کی ایک آڈیو بھی وائرل ہوئی تھی جس میں انہوں نے ایم ایس سمیت 6 ملازمین پر ذہنی تشدد اور ہراساں کرنے کا سنگین الزام عائد کیا تھا۔
مبینہ خودکشی کیس کی تحقیقات کے لیے ڈی جی ہیلتھ کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔




