پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل کا اعلان متوقع
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل کا اعلان متوقع ہے۔ ذرائع کے مطابق 14 مارچ کو وفاقی حکومت نے ایک ہفتہ کیلئے 23 ارب روپے کا بوجھ اٹھایا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے 14 سے 20 مارچ تک پیٹرول و ڈیزل کی قیمت برقرار رکھی تھی، وفاقی حکومت نے 23 ارب روپے کا بوجھ پرائس ڈیفرنشیل کلیمز کی مد میں اٹھایا تھا۔
ذرائع کے مطابق 14 مارچ کو پیٹرول کی قیمت میں 49 روپے 63 پیسے فی لیٹر کا اضافہ اور ڈیزل کی قیمت میں 75 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا اضافہ روکا گیا تھا۔
ذرائع کے مطابق آئندہ ہفتے کیلئے بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت برقرار رہ سکتی ہے، وفاقی حکومت آئندہ ہفتے کیلیے بھی پرائس ڈیفرنشیل کلیم اٹھا سکتی ہے۔
پیٹرول کی موجودہ فی لیٹر قیمت میں121روپے77 پیسے صرف ٹیکس ہے، فی لیٹر پیٹرول کی قیمت میں اس وقت 38 فیصد ٹیکس شامل ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 73 روپے 42 پیسے ٹیکس شامل ہے، فی لیٹر ڈیزل کی قیمت میں 22 فیصد ٹیکس شامل ہے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں کسٹم ڈیوٹی، پیٹرولیم اور کلائمیٹ سپورٹ لیویز بھی شامل ہیں۔
وفاقی حکومت کو پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 29 روپے اضافے جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 49 روپے اضافے کی سمری بھیجی گئی ہے، قیمتوں میں ردوبدل کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہبازشریف کریں گے۔




