ایران جنگ میں امریکا، اسرائیل فیس سیونگ چاہتے ہیں، جنرل (ر) عبدالقیوم

ایران جنگ میں امریکا، اسرائیل فیس سیونگ چاہتے ہیں، جنرل (ر) عبدالقیوم
فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان ایکس سروس مین سوسائٹی کے صدر جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا ہے کہ ایران سے جنگ میں امریکا اور اسرائیل اب فیس سیونگ چاہتے ہیں، امریکا کی کریڈیبلٹی زیرو ہوگئی، ہمیں محتاط طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کے دوران جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ مٹھی بھر لوگوں کی کوئی اہمیت نہیں پوری دنیا کو پاکستان پراعتماد ہے، جس کے امریکا اور ایران سے اچھے تعلقات ہیں۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کے بغیرملک نہیں چل سکتے، تیل اور گیس پر کئی جنگیں ہوئیں، پہلی جنگ عظیم کی بنیاد بھی تیل اور گیس ہی تھا۔

صدر ایکس سروس مین سوسائٹی نے مزید کہا کہ ہرمز کے بند ہونے سے تیل کی قیمتیں بہت اوپر چلی گئی ہیں، بہت سے ممالک نے ایمرجنسی نافذ کی، امریکا بھی متاثر ہوا۔

اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی خواہش تھی ایران کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا جائے، اسرائیل نے امریکی صدر کو استعمال کیا، امریکا کا ایران میں آنے کا مقصد چین کو بھی ہدف بنانا تھا۔

جنرل (ر) عبدالقیوم نے یہ بھی کہا کہ امریکا نے مذاکرات کے دوران ایران پر حملہ کیا، ایران ایک مزاحمتی قوم ہے اسی لیے انہوں نے مقابلہ کیا، امریکا اور اسرائیل اب فیس سیونگ چاہتے ہیں۔

صدر ایکس سروس مین سوسائٹی نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے کردار کو پوری دنیا میں سراہا جارہا ہے، ملٹری اور سول قیادت ایک ٹیم کے طور پر کام کررہی ہے، پاکستان اسرائیل کو کانٹے کی طرح چبھتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران جو گارنٹی چاہتا ہے یہ گارنٹی اقوام متحدہ سے آنی چاہیے، جب فریقین ٹیبل پر بیٹھیں تو آسان شرائط پر بات ہوتی ہے۔

جنرل (ر) عبدالقیوم نے کہا کہ امریکا کی کریڈیبلٹی زیرو ہوگئی، ہمیں محتاط طریقے سے آگے بڑھنا ہوگا، کچھ لوگوں کی کوشش ہے پاکستان کو فرقہ واریت کی طرف لے جائیں۔  عوام کو اپنے ملٹری لیڈرشپ پر پورا بھروسہ ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کی قیادت ناکام ہوئی، نریندر مودی ڈکلیئرڈ دہشت گرد ہے، بھارت اس وقت تنہائی میں چلا گیا ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں