سموگ تدارک کیس؛لاہور ہائیکورٹ کا ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم
لاہور:سموگ تدارک کیس میں لاہور ہائیکورٹ نے ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10ہزار روپے جرمانہ کرنے کا حکم دیدیا، جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دیئے کہ لوگوں کو پتہ چل جائے کہ کچھ غلط کریں گے تو سزا ہوگی تو پھر سب ٹھیک ہوگا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں انسداد سموگ کے حوالے سے درخواستوں کی سماعت ہوئی،لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے درخواستوں پر سماعت کی،دوران سماعت عدالت میں مختلف محکموں کے افسران نے رپورٹ پیش کی،ممبرجوڈیشل کمیشن نے کہاکہ عدالت نے حکم دیا تھا کہ سکولز ڈراپ لائنز بنائیں مگر ایل ڈی اے سکولوں مالکان کو نوٹس کرکے خاموش ہو گیا،وکیل ایل ڈی اے نے کہاکہ 4کنال والے سکولز مالکان کوڈراپ لائنز بنانے کے احکامات دے دیئے۔
عدالت نے سکولوں کی چھٹی کے وقت متعلقہ سروس روڈز کو ون وے کرنے کی ہدایت کی،جسٹس شاہد کریم نے کہاکہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والوں کو 10ہزار روپے جرمانہ کریں،لوگوں کو پتہ چل جائے کہ کچھ غلط کریں گے تو سزا ہوگی تو پھر سب ٹھیک ہوگا، سکولز کی پارکنگ ہونی چاہئے ایل ڈی اے حکام سی ٹی ڈی او کے ساتھ بیٹھ کر ٹریفک پلان بنائیں۔
عدالت نے مزید کہا کہ لاہور بہت بہتر ہو گیا،اس میں سب کا کردار ہے ، میچز کے دوران بھی ٹریفک کا نظام بھی بہت بہتر ہے،کیس کی مزید سماعت جمعہ تک ملتوی کردی گئی۔




