سی آئی ڈی میں اے سی پی پرادیومن کی جگہ لینے والا سامنے آگیا

ممبئی (آئی این پی) بھارت کی مقبول ترین ٹیلی ویژن سیریز ‘سی آئی ڈی’ میں مشہور کردار اے سی پی پرادیومن کی دھماکے میں موت دکھائے جانے کے بعد ان کی جگہ منتخب نئے کردار کا نام سامنے آگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار پرتھ سمتھان کو ‘سی آئی ڈی’ میں نئے اے سی پی کے کردار کے لیے منتخب کیا گیا ہے، جو اے سی پی پرادیومن (شیواجی ستم)کی جگہ لیں گے۔ایک انٹرویو میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے پرتھ سمتھان نے کہا کہ ‘یہ ایک مقبول ترین شو ہے ۔ جب میں نے اپنے خاندان سے اس بارے میں بات کی تو انہوں نے سوچا کہ میں مذاق کر رہا ہوں۔ لیکن جب میں نے انہیں سنجیدگی سے بتایا تو وہ بہت فخر محسوس کر رہے تھے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ واقعی ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے کہ میں اے سی پی پردیومن کی جگہ لے رہا ہوں۔ یہ ایک نیا کردار ہے، ایک نئی کہانی۔ ہم کہانی کو نئے تھرل اور سسپنس کے ساتھ آگے بڑھائیں گے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس طرح شو کا حصہ بنوں گا۔ میں اس مشہور شو کا حصہ بن کر بہت خوش ہوں۔