پاکستان کا وہ شہر جہاں کی 12 لاکھ آبادی میں 4 لاکھ افراد شوگر اور 5 لاکھ افراد بلڈ پریشر کا شکار ہیں، تہلکہ خیز دعویٰ
راولپنڈی (آئی این پی) راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر نے کہا ہے کہ اس وقت راولپنڈی کی 12 لاکھ آبادی میں 4 لاکھ افراد شوگر اور 5 لاکھ افراد بلڈ پریشر کا شکار ہیں، پاکستان سویٹ ہومز بہت جلد لاوارث افراد کی تدفین کیلئے ہسپتال میں سروس فراہم کرے گا جس کے تحت ہسپتال میں وفات پا جانے والوں کو کفن سے تدفین تک کے اخراجات سویٹ ہومز برداشت کرے گا ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال راولپنڈی میں فاطمتہ الزہرا مہمان خانہ کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں کیا انہوں نے کہا کہ آپکی صحت ہماری ترجیح ہے۔ انہوں نے ہسپتال میں مہمان خانہ کے آغاز پر زمرد خان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک سائنسدان اور ڈاکٹر ہوں زمرد خان کو بتایا کہ پنڈی شہر کی آبادی 24 لاکھ ہے ،اس وقت راولپنڈی میں 12لاکھ میں سے 4 لاکھ افراد شوگر اور تقریباً 5 لاکھ افراد اس وقت بلڈ پریشر کی بیماری میں مبتلا ہیں یہاں بیٹھے 60 فیصد لوگوں کے جگر میں چربی ہوگی کھانا کھانا پیٹ بھرنے کیلئے نہیں ہوتا بلکہ دوائی کیلئے ہوتا ہے کھانا بھی ایک دوائی ہے۔
پاکستان سویٹ ہوم کے سربراہ زمرد خان نے کہا کہ 65دن پہلے ڈاکٹر عمر او سابق ایم ایس نے فاطم? الزہرا مہمان خانے کا سنگ بنیاد رکھا پاکستان سویٹ ہومز کی کوشش ہے ،ہر ہسپتال میں ایسے مہمان خانے ہوں مہمان خانے کا مقصد ہسپتال میں علاج کیلئے آئے لوگ مستفید ہو سکیں پاکستان سویٹ ہومز بہت جلد لاوارث افراد کی تدفین کیلئے سویٹ ہومز ہسپتال میں سروس فراہم کرنے کے ساتھ ہسپتال میں وفات پا جانے والوں کو کفن سے تدفین تک کے اخراجات پاکستان سویٹ ہومز برداشت کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ 3 سالوں سے پاکستان سویٹ ہومز کی ٹیم تھیلیسیمیا کے بچوں کیلئے کام کر رہی ہے اور ہسپتال میں دور دراز کے علاقوں سے آئے تھلیسیمیا کے بچوں کو خون مہیا کرینگے جس کے لئے یہاں سے لوگوں کو آگاہی مہم بھی چلائیں گے۔



