خیبر پختونخوا میں کارروائیاں، بھارتی حمایت یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ کے 7 دہشتگرد ہلاک، لیفٹیننٹ سمیت 4 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز نے خیبر پختون خوا میں دو مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ ’فتنہ الخوارج‘ کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل سمیت 4 جوان شہید ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 28 اور 29 مئی کی درمیانی شب خوارج نے شمالی وزیرستان کے علاقے شوال میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی کوشش کو مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی حمایت یافتہ 6 خوارج مارے گئے۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران لیفٹیننٹ دانیال اسماعیل سمیت 4 جوان شہید ہو گئے، شہید لیفٹیننٹ آپریشن کی فرنٹ سے قیادت کر رہے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق نائب صوبیدار کاشف رضا، لانس نائیک فیاقت علی اور سپاہی محمد حمید نے جامِ شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی چترال میں ایک اور کارروائی کے دوران ایک خارجی دہشت گرد ہلاک ہو گیا، علاقے میں خارجیوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بھارتی پشت پناہی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں، بہادر سپوتوں کی یہ قربانیاں ہمارے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔




