وزیراعظم شہباز شریف سے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کی ملاقات

وزیراعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ملاقات کی۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم کرنے پر بات چیت کی گئی اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی دعوت پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سرکاری دورے پر آج پاکستان پہنچے۔
اعلیٰ سول و عسکری قیادت نے معزز مہمان کا استقبال کیا جبکہ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے فضا میں سلامی دی۔
برادر اسلامی ملک یو اے ای کے صدر کا پاکستان آمد پر شاندار اور تاریخی استقبال کیا گیا، اس موقع پر دونوں ملکوں کے ترانے بجائے گئے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
وفاقی کابینہ کے اہم وزراء بھی معزز مہمان کے استقبال کے لیے ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ اس دوران شیخ محمد بن زاید النہیان نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے مصافحہ بھی کیا۔
نور خان ایئربیس پر متحدہ عرب امارات کے صدر کو 21 توپوں کی سلامی بھی دی گئی۔ معزز مہمانوں کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا۔




