ترلائی کلاں خودکش حملہ، افغانی داعش ماسٹر مائنڈ سمیت 4 سہولت کار گرفتار

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ترلائی کلاں خودکش حملے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، افغانی داعش ماسٹر مائنڈ سمیت چار سہولت کار گرفتار کرلیے گئے۔
تکنیکی، انسانی انٹیلی جنس بنیاد پر خیبر پختونخوا کے اضلاع پشاور اور نوشہرہ میں مربوط کارروائیاں کی گئیں، کارروائیوں کے نتیجے میں خودکش حملے کے چار سہولت کاروں سمیت افغان داعش ماسٹر مائنڈ بھی گرفتار کیا گیا۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ شواہد سے واضح ہے حملے کی منصوبہ بندی، تربیت اور ذہن سازی داعش نے افغانستان میں کی، افغان طالبان کی سرپرستی میں دہشت گردی کا گٹھ جوڑ علاقائی امن کے لیے بدستور سنگین خطرہ ہے۔
وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران قانون نافذ کرنے والے ادارے کا ایک اہلکار شہید اور 4 زخمی ہوئے، انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں جاری ہیں، دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے۔
خیال رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسجد اور امام بارگاہ کے اندر گزشتہ روز ہونے والے خودکش دھماکے کے نتیجے میں 33 افراد شہید اور 170 سے زائد زخمی ہو گئے۔
نماز جمعہ کے دوران مسجد میں داخلے سے روکنے پر حملہ آور نے خود کو گیٹ پر اڑا لیا، دہشت گرد پر رضاکاروں نے فائرنگ کی، گولی ران میں لگی وہ گر پڑا، ساتھی نے فائر کھولا تو دہشت گرد پھر کھڑا ہوا اور گیٹ سے مسجد کے صحن میں گھس گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق پہلی رکعت کے سجدے میں جاتے ہی دھماکا ہوا، ایک حملہ آور فرار ہوگیا۔



