مشرق وسطیٰ کی صورتحال، پاکستان کے اہم کردار پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے: عطا تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللّٰہ تارڑ نے کہا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں پاکستان کے اہم کردار پر بھارت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی مشترکہ کاوشوں سے امن کے لیے کوششیں جاری ہیں اور دنیا پاکستان کے کردار کی معترف ہو رہی ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان دنیا میں مؤثر اور بھرپور آواز کے طور پر سامنے آیا ہے اور کوئی سیاسی جماعت یا لیڈر پاکستان سے بڑا نہیں ہوسکتا۔
عطا تارڑ نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی ملک کے خلاف مہم میں ملوث ہے اور پی ٹی آئی کے اکاؤنٹس سے کبھی اسرائیل کی مذمت نہیں دیکھی گئی، سیاسی مخالفت میں ملک کی تضحیک ناقابل برداشت ہے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ شہباز شریف کی حکومت نے پاکستان کو ڈیفالٹ کے دھانے سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کیا اور جی ایس پی پلس اسٹیٹس واپس دلوا کر ایکسپورٹرز کے نقصان سے بچایا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کو بچانے کے لیے پاکستان کھپے کے نعرے بھی لگائے گئے اور ملک کے خلاف باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔




