نوجوان نسل کی شمولیت سے ملک میں گرین انقلاب لایا جائے گا: مصدق ملک

نجی مواصلاتی کمپنی اور ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کے اشتراک سے دارالحکومت میں شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی مصدق ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کی بنیادی وجہ زمین کے درجۂ حرارت میں مسلسل اضافہ ہے، جس سے نمٹنے کے لیے درختوں کی افزائش ناگزیر ہے کیونکہ درخت اور ایکو سسٹم ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔
اُنہوں نے اعلان کیا کہ 31 مارچ کے بعد ہر ہفتے باقاعدگی سے پودے لگانے کی مہم جاری رکھی جائے گی اور نوجوان نسل کی شمولیت سے ملک میں گرین انقلاب لایا جائے گا۔
مصدق ملک کا کہنا تھا کہ وقت کے ساتھ اسلام آباد کے ہر علاقے میں درخت لگائے جائیں گے تاکہ ماحولیاتی بہتری ممکن ہو سکے۔
وفاقی وزیر نے خطے کی صورتِ حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایک طرف جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب آلودگی میں اضافہ ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے اور ایسی جنگ جس کا ہم حصہ نہیں، اس کے اثرات بھی ہماری دہلیز تک پہنچ چکے ہیں۔
معاشی امور پر بات کرتے ہوئے اُنہوں نے بتایا کہ وزیرِاعظم کی ہدایت کے مطابق حکومت ڈیزل کے ہر لیٹر پر 250 روپے خزانے سے ادا کر رہی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ حکومت غریب عوام کو سہولت دینے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
مصدق ملک نے شہریوں سے اپیل کی کہ موجودہ حالات میں ایندھن کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں، احتیاط برتیں اور غیر ضروری لائٹس بند رکھ کر توانائی کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں۔




