اپنا گھر ہر شہری کا حق، آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی اولین ترجیح ہے: وزیرِاعظم شہباز شریف

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اپنا گھر ہر شہری کا حق ہے اور آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیرِاعظم شہباز شریف کی زیرِصدارت رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کے لیے اقدامات پر اجلاس ہوا جس میں کم لاگت کے گھروں کی فراہمی اور شعبے میں روزگار کے اضافے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزِیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع استعداد موجود ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ بھرپور استفادے کے لیے سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی اور بیرونی سرمایہ کاروں اور سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی سرمایہ کاری کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ تعمیرات کے شعبے میں سرمایہ کاری سے ناصرف معیشت کا پہیہ چلے گا بلکہ روزگار بھی ملے گا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو تعمیراتی و رہائشی شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے قابلِ عمل حکمتِ عملی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ حکمتِ عملی میں پبلک اور پرائیوٹ سیکٹر کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ساتھ صوبائی حکومتوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی شامل کیا جائے۔
اجلاس میں تعمیرات و رہائشی شعبے پر ٹاسک فورس اور متعلقہ ورکنگ گروپس کی تجاویز پر بریفنگ دی گئی۔
وزیرِاعظم کی جانب سے رہائشی تعمیرات کی ترقی کے لیے جامع اقدمات کو جلد حتمی شکل دے کر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔




