ای سی سی نے کفایت شعاری فنڈ کیلئے 100 ارب کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ کے لیے 100 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ منظور کرلی۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم کے کفایت شعاری فنڈ کیلئے 100 ارب روپے کی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ خلیجی صورتحال کے باعث عالمی تیل قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ہے، پی ایس ڈی پی فنڈز میں رد و بدل کرکے مالی گنجائش پیدا کی گئی۔
کمیٹی نے ترجیحی منصوبوں کو متاثر کیے بغیر فنڈز کی منتقلی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گندم خریداری پالیسی 2025-26 پر غور کیا گیا، ای سی سی نے نجی شعبے کے ذریعے گندم کی خریداری کی منظوری دے دی۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم ذخائر کیلئے محتاط حکمت عملی اپنانے کی ہدایت کی۔ وزارت خزانہ نے کہا کہ حکومت نے 10 لاکھ میٹرک ٹن تک گندم خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سے قبل نائب وزیر اعظم اسحاق ڈارکی زیرِ صدارت کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد کی نگرانی سے متعلق کمیٹی کا اجلاس ہوا، وزارتوں اور صوبوں میں منظور شدہ کفایت شعاری اقدامات پر عمل درآمد میں پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں موجودہ صورتحال کے تناظر میں مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے جاری اقدامات کی مؤثریت کا جائزہ لیا گیا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے وزارتوں اور صوبوں میں پہلے سے منظور شدہ کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو مانیٹرنگ کا نظام مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
دوسری طرف فیڈریشن پاکستان چیمبر آف کامرس نے اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ایندھن اور انرجی کو بچانا ہے تو پوری قوم کو سپورٹ کرنا ہوگی۔




