پھول پتی لین میں جماعتِ اسلامی کے دفتر پر دستی بم حملہ دہشتگردی ہے: منعم ظفر

امیرِ جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر نے کہا ہے کہ لیاری کے علاقے پھول پتی لین میں جماعتِ اسلامی کے دفتر پر دستی بم حملہ دہشت گردی ہے۔
کراچی کے سول اسپتال میں کارکنوں کی عیادت کے لیے آئے منعم ظفر نے کہا کہ 3 کارکنوں کے جسم کے مختلف حصوں پر چھرے لگے ہیں، گنجان علاقے میں حملہ آوروں کا آسانی سے فرار ہونا سوالیہ نشان ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت شہریوں کے جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو چکی ہے، کراچی سمیت سندھ میں لاقانونیت اور بے امنی نے عوام کو غیر محفوظ بنا دیا ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ حق دو لیاری کو مہم اور بدل دو نظام تحریک ہر قیمت پر جاری رہے گی۔
دستی بم حملے کے بعد ابتدائی رپورٹ تیار
دوسری جانب پھول پتی لین میں جماعتِ اسلامی کے دفتر پر دستی بم حملے کے بعد بم ڈسپوزل یونٹ نے معائنے کے بعد ابتدائی رپورٹ مرتب کر لی۔
بی ڈی یو کے مطابق حملے کے لیے روسی ساختہ آر جی ڈی ون دستی بم استعمال کیا گیا، بم ڈسپوزل اسکواڈ کو دھماکے کی جگہ سے دستی بم کا لیور اور تقریباً 20 ٹکڑے ملے۔
اس حوالے سے کہا گیا ہے کہ دستی بم حملے کی جگہ تقریباً 3 انچ گہرا اور 8 انچ چوڑا گڑھا پڑا ہے۔




