ایران میں مبینہ لاپتہ 12 پاکستانیوں میں سے دو بحفاظت پاکستانی سفارتخانہ تہران پہنچ گئے

ایران میں مبینہ لاپتہ 12 پاکستانیوں میں سے دو بحفاظت پاکستانی سفارتخانہ تہران پہنچ گئے
فائل فوٹو
فائل فوٹو

ایران میں مبینہ طور پر لاپتہ 12 پاکستانی نوجوانوں میں سے دو بحفاظت پاکستانی سفارتخانہ تہران پہنچ گئے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کی شناخت طلحہ اور شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں کا تعلق لاہور کے علاقے گاؤں پسین سے ہے۔

حکام کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی درخواستوں پر مقدمات درج کرلیے ہیں، ملزمان کی گرفتاری کیلئے خصوصی تحقیقاتی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔ 

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ 12 نوجوانوں میں سے 7 کا تعلق لاہور سے ہے۔

اس معاملے کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ انسانی اسمگلروں نے نوجوانوں کو بلوچستان کے راستے ایران پہنچایا۔ نوجوانوں کو یقین دلایا گیا کہ انہیں براستہ ترکیے اٹلی منتقل کردیا جائے گا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اسمگلروں نے ابتدائی طور پر چند ہزار ڈالر وصول کی، وعدہ کیا گیا یورپ پہنچنے کے بعد باقی رقم وصول کی جائے گی۔

حکام کے مطابق ایران پہنچنے کے بعد نوجوانوں کو نامعلوم مقام پر یرغمال بنا لیا گیا، نوجوانوں کے اہلخانہ سے فی کس 6 ہزار ڈالر تاوان کا مطالبہ کیا گیا۔ 

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ لاپتہ نوجوانوں کی بازیابی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ ایرانی حکام سے بھی مسلسل رابطہ رکھا ہوا ہے جبکہ ایف آئی اے ٹیمیں پاکستان میں انسانی اسمگلروں کے مختلف ٹھکانوں پر چھاپے مار رہی ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی طور پر یورپ بھجوانے کے بہانے شہریوں کو بیرون ملک یرغمال بنا کر اہل خانہ سے بھاری رقوم وصول کرنے کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں