محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے ای ٹرانسفر سسٹم کے تحت 2,059 اساتذہ کے تبادلوں کی منظوری
محکمہ اسکول ایجوکیشن سندھ کے ای ٹرانسفر سسٹم کے تحت اساتذہ کے تبادلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
کراچی سے جاری حکم نامے کے مطابق ای ٹرانسفر کے پہلے فیز میں 2,059 درخواستیں منظور کی گئیں۔
پہلے فیز میں 1,625 جنرل کیٹیگری 434 باہمی بنیادوں پر تبادلے شامل ہیں۔ حکم نامے کے مطابق 1,163 مرد اور 896 خواتین اساتذہ کے تبادلوں کی منظوری دی گئی۔
حکم نامے کے مطابق اساتذہ شاگرد تناسب کی بنیاد پر 644 اساتذہ کے تبادلے کیے گئے۔ شادی شدہ حیثیت کی بنیاد پر 544 اساتذہ کے تبادلوں کی منظوری دی گئی۔
طبی بنیادوں پر 173، قبائلی تنازع کی بنیاد پر 100 تبادلے منظور کیے گئے، جسمانی معذوری کی بنیاد پر 31 اساتذہ کے تبادلوں کی منظوری دی گئی جبکہ باہمی تبادلوں کی کیٹیگری میں 434 درخواستیں منظور کر لی گئیں۔
اعلامیہ کے مطابق ای ٹرانسفر کے تحت 41 اسکول استاد مہیا ہونے کی وجہ سے فعال ہوئے۔




