مسلمانوں میں تقسیم کی سازش کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ناکام بنایا، وزیراعظم شہباز شریف

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دشمن نے پوری کوشش کی کہ خطے کے مسلمان ممالک میں تقسیم پیدا کریں۔ مسلمانوں میں تقسیم کی سازش کو فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ناکام بنایا، امن دشمن عناصر مسلم ممالک میں نفرت پیدا کرنے میں ناکام رہے۔

قومی سیرت النبیﷺ کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی امن کے لیے کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا جبکہ ترکیے اور سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیے کے درمیان تاریخی مکہ دفاعی معاہدہ ہوا۔ ترکیے اور سعودی عرب نے ہر اچھے اوربرے وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا۔

انہوں نے کہا کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے ساتھ آہنی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارت سے جنگ میں پوری قوم متحد تھی۔

شہباز شریف نے فرقہ واریت کے خاتمے کےلیے نبی کریمﷺ کے پیغام کو پھیلانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ منبر اور محراب سے محبت، رواداری اور بھائی چارے کا پیغام عام کیا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بارہ ربیع الاول کی یہ عظیم و شان کانفرنس ہماری قابل فخر قومی روایت ہے، اس مبارک اور بابرکت دن ملک کے ہر حصے سے ہر مسلک کے علما کرام ،محققین ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں، یہ عظیم اجتماع اس بات کی یاد دہانی ہے کہ اللّٰہ کے آخری رسول نبی کریم حضرت محمدﷺ کے سائے میں ہم ایک ملت ہیں، نبی کریمﷺ کی بے مثال اور بابرکت ہستی ہم سب کی پہچان ہے، نبی کریمﷺ ہماری عزت اور ہماری جان ہیں آپ کا امتی ہونا ہمارا ایمان ہے، نبی کریمﷺ کی بعثت پوری انسانیت کے لیے اللّٰہ کا احسان ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ حسین اتفاق ہے کہ اس سال یہ مبارک دن اگست میں آیا ہے جب پاکستان معرض وجود میں آیا، 14 اگست 1947 پر رمضان المبارک کی رحمتوں کا سایہ تھا، یہ غیبی اشارہ ہے کہ پاکستان پر اللّٰہ کے فضل و کرم اور نبی کریمﷺ کی نگاہ رحمت ہے، ہمارے سامنے آج ایک سوال ہے کہ ہم کیسا پاکستان دیکھنا چاہتے ہیں، اس کا جواب سادہ ہے ہم جیسی نسل تیار کریں گے ہمارا مستقبل ویسا ہی ہوگا، ہماری خوش قسمتی ہے کہ نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ کی صورت میں اخلاق کا کامل ترین نمونہ موجود ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہمیں اللّٰہ تعالیٰ نے ایسا سراج منیر عطا فرمایا جس کی روشنی سے ہم بچوں کے دل دماغ منور کرسکتے ہیں، زندگی کا کونسا پہلو ہے جسے نبی کریمﷺ نے اپنے اسوہ حسنہ سے روشن نہ کیا ہو، نبی کریمﷺ کی حیات مبارکہ کا ہر واقعہ ہمارے لیے ہدایت کا مکمل پیغام ہے، صلح حدیبیہ کا ذکر قرآن کریم میں بڑی تفصیل سے آیا ہے، اس میں آپﷺ ہمیں عقل و بصیرت کا پیکر دکھائی دیتے ہیں، نبی کریمﷺ مشکل کو اپنی دانش سے آسانی میں بدل دیتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ میرے آقا صحابہ کرام کو پیغام دیتے ہیں کہ آج ہم نے حکمت اور دوراندیشی سے کام لیا تو آنے والے دنوں میں ٖفتح مبین منتظر ہوگی، طائف کے اوباش جب آپﷺ کو نشانہ بناتے ہیں تو آپ صبر کا کامل ترین نمونہ بن جاتے ہیں، آپﷺ مخالفین کی ہدایت کیلیے دعا فرماتے ہیں اور یہی شان پیغمبری ہے، مدینہ منورہ تشریف لاتے ہیں تو مہاجر اور انصار میں بھائی چارہ قائم کردیتے ہیں، اس میں درس تھا کہ معاشرے کے لوگ ایک دوسرے کے مددگار ہوں تو مشکل کو آسانی میں بدلا جاسکتا ہے ، ہم دوسروں کیلیے آسانی پیدا کرتے ہیں تو اللہ ہماری مشکلوں کو آسان فرماتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ جب تنگی ہوتی تو آپﷺ صبر فرماتے اور جب اللّٰہ مال سے نوازتا تو سورج ڈھلنے سے پہلے ضرورت مندوں میں تقسیم کرکے دامن جھاڑ دیتے، نبی کریمﷺ نے اختلاف کے آداب سکھائے، مکالمہ سکھایا، نبی کریمﷺ نے اہل کتاب کو فرمایا آؤ ان باتوں کی طرف جو ہمارے درمیان مشترک ہیں، فتح مکہ کے موقع پر جب آپﷺ عظیم الشان لشکر کے ہمراہ داخل ہوتے ہیں تو عاجزی کا پیکر بن جاتے ہیں، وہ لوگ جو آپﷺ کی جان کے دشمن تھے ان کے لیے معافی کا اعلان کردیتے ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے نئی نسل کو بتانا ہے کہ آپﷺ نے نبوت کی سب سے پہلے دلیل کے طور پر اپنا کردار پیش کیا، آپﷺ کی حیات مبارکہ سراپا حق اور زندگی امانت اور دیانت سے عبارت ہے ، نبی کریمﷺ کا کردار آپ کا پہلا معجزہ اور قرآن مجید دوسرا معجزہ تھا، ہم نے اس اسوہ حسنہ کی روشنی میں نئی نسل کی شخصت کی تعمیر کرنی ہے، دو سال پہلے وزارت تعلیم کو ہدایت کی حضور اکرمﷺ کے اسوہ حسنہ کی روشنی میں نئی نسل کی اخلاقی تربیت اور نظام تعلیم کی روح بنایا جائے، خواہش ہے کہ مدارس میں جو علما کی نئی نسل تیار ہورہی ہے اخلاق اور کردار میں ممتاز ہوں، یہ علما پھر نماز کے ساتھ ساتھ اخلاق میں بھی امام ہوں، فرقہ واریت کا علاج آسان ہے ایک ہی ہستی ہماری پہچان اور شناخت ہو، ہماری محبت نبی کریمﷺ کی محبت کے تابع ہو، ختم نبوت کا مطلب بھی وحدت امت ہے، قرآن مجید کا دو ٹوک اعلان ہے کہ آپﷺ خاتم النبیین ہیں۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں