پی ٹی آئی کا ماننا ہے یہ اسمبلیاں غلط طریقے سے آئیں، سہیل آفریدی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کا ماننا ہے کہ موجودہ اسمبلیاں غلط طریقے سے آئی ہیں۔
کراچی میں وکلاء کنونشن سے خطاب میں سہیل آفریدی نے کہا کہ سندھ کے عوام نے عزت دی ہے اور ہمت سے فسطائیت کا مقابلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی بدقسمتی ہے کہ ایسے لوگ ان پر حکمران ہیں، ایک طرف بلاول خوش آمدید کرتے ہیں اور راستے میں کھڈے کھودے جاتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ کراچی میں ہمارے ورکرز کو گرفتار کیا جاتا ہے، تحریک انصاف کا ماننا ہے یہ اسمبلیاں غلط طریقے سے آئی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ ایک وزیراعلیٰ کہتی ہیں کہ پڑوسیوں سے خطرہ ہے، اس وزیراعلیٰ کی پارٹی کی وفاق میں بھی حکومت ہے، اس کا مطلب یہ کہ اس جماعت کا بیانیہ ریاست کیخلاف ہے۔
سہیل آفریدی نے یہ بھی کہا کہ افغانستان کے ساتھ معاملات بانی پی ٹی آئی کے دور میں بہتر تھے، ہم نے پالیسی پر تنقید کی تو کہتے ہیں افغانستان میں چلے جاؤ۔
انہوں نے کہا کہ میں بسوں، رکشوں میں اسکول جاتا تھا، میں بانی پی ٹی آئی کا رشتے دار نہیں، نہ ارب پتی ہوں۔




