اسلام آباد پر دھاوا نہیں چلے گا: وفاقی وزیرِ داخلہ کا پی ٹی آئی کو واضح پیغام

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد پر دھاوا نہیں چلے گا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے پاس اب بھی وقت ہے کہ وہ ایسی بند گلی میں نہ جائے جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی والے لانگ مارچ کریں گے تو اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر مِن و عَن عمل کرایا جائے گا، ہمارے پاس جو بھی قانونی آپشن ہو گا، اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔
وزیرِ داخلہ نے کہا ہے کہ اس دفعہ یہ نہیں ہو گا کہ پی ٹی آئی والے آئیں اور ملک 10 دن 20 دن کے لیے بند ہو جائے، اس بار مستقل لائحہ عمل بنائیں گے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جو صورتِ حال چل رہی ہے، ہزار روپے میں بھی پیٹرول نہیں ملے گا، بہت سے ممالک میں پیٹرول نہیں مل رہا، معیشت پر زیادہ نہیں بولنا چاہتا، عالمی مارکیٹ کے حساب سے پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی میں جو حالات ہیں وہ سب کے سامنے ہیں، ابھی بھی پی ٹی آئی کے پاس وقت ہے کہ وہ ایسی بند گلی میں نہ جائے جہاں سے واپسی کا راستہ نہ ہو۔
وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ میں پُرامید ہوں کہ صوبے ضرور بنیں گے، نئے صوبوں کا معاملہ بڑی تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
افغانستان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا ہے کہ افغانستان دہشت گردوں کو جب تک نہیں روکے گا، تعلقات معمول پر نہیں آئیں گے، اس بار مستقل حل نکالیں گے، بار بار ایسی صورتِ حال کے متحمل نہیں ہو سکتے۔




