پشاور: پولیس میں تمام تقرریوں و تبادلوں کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہوگا، مجوزہ ایکٹ
خیبر پختونخوا مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 کی کاپی جیو نیوز نے حاصل کر لی۔ ایکٹ کے مطابق آئی جی پی کی تقرری سمیت تمام پولیس افسران کے تبادلوں کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہوگا۔ جبکہ پولیس حکام کے اختیارات محدود کر دیے گئے ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں مجوزہ پولیس ایکٹ اور امن وامان کی صورتحال پر غور کیا گیا، اجلاس میں صوبائی وزراء، آئی جی پی اور چیف سیکریٹری شریک ہوئے۔
مجوزہ ایکٹ کے مطابق پولیس میں تمام تقرریوں و تبادلوں کا اختیار صوبائی حکومت کے پاس ہوگا، آئی جی کے پی کی تعیناتی کا اعلامیہ صوبائی حکومت جاری کرے گی۔
صوبائی حکومت آئی جی کی کارکردگی سے مطمئن نہ ہو تو وفاق سے مزید نام مانگ سکتی ہے، آئی جی کی غیر موجودگی میں ایڈیشنل آئی جی ہیڈ کوارٹر بطور آئی جی چارج سنبھالیں گے۔
ایس پی، ایس ایس پی اور ایڈیشنل آئی جی کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن محکمہ ہیومن ریسورس جاری کرے گا، پولیس پالیسی بورڈ کی صدارت کے اختیارات آئی جی سے وزیر اعلیٰ کو منتقل کیے جائیں گے۔
پولیس کے آپریشنل، مالی اور انتظامی امور کی پالیسیاں بنانے کا اختیار اب وزیر اعلیٰ کے پاس ہوگا۔




