بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے: محمود خان اچکزئی
اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بغیر مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
ژوب میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں تو حکومت کو بانی پی ٹی آئی سے ہماری ملاقات کروانا ہوگی۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ گارنٹی دیتے ہیں کہ بانی سے ملاقات کے بعد تمام مسائل کے حل تک مذاکرات ختم نہیں ہوں گے۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ مسائل کے حل تک مذاکرات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ بانی پی ٹی آئی جو کہیں گے، ہم وہی بات آگے پہنچائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مسئلے کا حل چاہتے ہیں تو ہمیں بانی پی ٹی آئی سے ملنا ہوگا۔ سیاسی بحران کا حل مذاکرات اور آئین کی بالادستی میں ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں آئین کی بالادستی پر متفق ہوں۔
محمود خان اچکزئی کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں گورنر راج لگا تو ملک کا ہر چوراہا بند کریں گے۔ خیبر پختونخوا میں گورنر راج کسی صورت قبول نہیں کریں گے۔
گورنر راج نافذ کیا گیا تو بھرپور مزاحمت کریں گے۔ گورنر راج کی صورت میں ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا۔ ہم شہباز حکومت کو تسلیم نہیں کرتے۔




