ٹیکس چوروں کیلئے نو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہوں گے، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ محصولات کی چوری روکنے کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے، ٹیکس چوری کرنے والوں کے لیے نو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہوں گے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت کسٹمز نظام پر جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ایئرپورٹس اور بندرگاہوں پر سامان کی آمد و رفت اور کسٹمز نگرانی سے متعلق رپورٹ پیش کی گئی۔
اجلاس کے شرکاء کو کسٹمز کی انفورسمنٹ فورس کی کارکردگی اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کےلیے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ایئرپورٹس پر فوری اسمارٹ اسکینرز نصب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسٹمز حکام کے بجائے اسمارٹ اسکینرز سے سامان کی جانچ کی جائے۔
شہباز شریف نے کسٹمز حکام کو مسافروں کو بلاضرورت پوچھ گچھ سے روکنے کے احکامات دیے اور اسمارٹ اسکینرز کی فوری برآمد اور تمام بین لاقوامی ائیر پورٹس پر نصب کرنے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہوائی اڈوں پر مسافروں کے سامان کی جانچ کیلئے فرسودہ طریقہ کار ترک کرنا ہوگا، کسی کو بھی مسافروں کو تنگ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ مسافروں کی سہولت اور آرام اولین ترجیح ہے، مسافروں کے سامان کی جانچ کیلئے بین الاقوامی سطح پر رائج خود کار نظام لایا جائیگا۔
شہباز شریف نے یہ بھی کہا کہ ہوائی اڈوں پر تعینات اسٹاف کی بھی بین الاقوامی طرز پر تربیت کی جائیگی، سروس ڈلیوری میں شائستگی اور احترام کا عنصر ٹریننگ کا کلیدی جزوو بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کسٹمز کی جانب سے انفورسمنٹ کا نیا نظام لائق تحسین ہے، چیئرمین ایف بی آر اور ان کی ٹیم کو اس کا سہرا جاتا ہے، غریب عوام کے پیسے کے امین ہیں، حفاظت کےلیے ہر ممکن کوشش کریں گے۔




