پاکستان: 18 ماہ کے دوران 3,900 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص

قومی اسمبلی میں انکشاف ہوا ہے کہ پاکستان میں جنوری 2025ء سے جون 2026ء تک 18 ماہ کے دوران 3,900 بچوں میں ایچ آئی وی کی تشخیص ہوئی، اس عرصے میں روزانہ اوسطاً 7 سے زائد بچے وائرس سے متاثر ہوئے۔
وزارتِ صحت کے مطابق سب سے زیادہ 1,915 متاثرہ بچوں کا تعلق سندھ جبکہ 1,765 کا تعلق پنجاب سے ہے۔
ملک میں ایچ آئی وی سے متاثرہ افراد کی تخمینی تعداد 4 لاکھ 17 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے تاہم صرف 92 ہزار مریض رجسٹرڈ ہیں اور تقریباً 68 ہزار زیرِ علاج ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق آلودہ سرنجوں کا دوبارہ استعمال، غیر محفوظ انتقالِ خون اور غیر جراثیم کش طبی آلات بچوں میں ایچ آئی وی پھیلنے کی بڑی وجوہات ہیں۔
عالمی ادارۂ صحت کے مطابق متاثرہ ماں سے حمل، پیدائش اور دودھ پلانے کے دوران بھی بچے میں وائرس منتقل ہو سکتا ہے۔
وزارتِ صحت کے مطابق پاکستان میں 2010ء سے 2024ء کے دوران ایچ آئی وی کے سالانہ نئے انفیکشنز میں 200 فیصد اضافہ ہوا۔
ملک میں ہیپاٹائٹس سی کے 90 لاکھ جبکہ ہیپاٹائٹس بی کے 38 لاکھ 60 ہزار مریض بھی موجود ہیں۔




