ایکنیک نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پلانٹ منصوبہ کی منظوری دیدی


ایگزیکٹو کمیٹی آف نیشنل اکنامک کونسل (ایکنیک) نے گلگت بلتستان میں 100 میگاواٹ سولر پلانٹ منصوبہ کی منظوری دے دی۔ منصوبہ 3 سال کی مدت میں مکمل کیا جائے گا اور لاگت 24 ہزار 957 ملین روپے آئے گی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ دورۂ گلگت بلتستان کی عوام سے وعدہ کیا تھا، ایکنیک کی منظوری کے بعد اس منصوبے پر کام کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔
سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی پہلے ہی منصوبے کی منظوری دے چکی ہے، منصوبے سے استور ، داریل، تنگیر دیامر اور گھانچے کے اضلاع مستفید ہوں گے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے کہا گیا ہے کہ منصوبے سے غذر، گلگت، ہنزہ، اشکومن، نگر، روندو کے اضلاع مستفید ہوں گے، اسکردو اور شگر کے اضلاع بھی 100 میگاواٹ سولر منصوبے سے مستفید ہو سکیں گے۔
پہلے مرحلے میں ضلع اسکردو کو 18.958 میگاواٹ بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں ہنزہ کو 6، گلگت کو 28 اور دیامر کو 13.12 میگاواٹ بجلی ملے گی۔
وزیراعظم آفس کے مطابق تیسرے مرحلے میں بقیہ اضلاع کو 16.096 میگاواٹ بجلی فراہم ہو گی، منصوبے سے اسپتالوں اور سرکاری دفاتر کو آف دی گرڈ 18.162 میگاواٹ بجلی دی جائے گی۔