قومی ایئر لائن کے طیاروں میں فنی خرابی، بین الاقوامی فلائٹ شیڈول شدید متاثر، 39پروازیں تاخیر کا شکار


قومی ایئر لائن کے طیاروں میں فنی خرابی کے باعث بین الاقوامی فلائٹ شیڈول شدید متاثر ہوا ہے جبکہ 39 پروازیں تاخیر کا شکار ہیں۔
قومی ایئر لائن کے ترجمان کے مطابق پیرس میں بوئنگ 777 طیارہ خراب ہونے کی وجہ سے شیڈول شدید متاثر ہوا۔
ذرائع کے مطابق قومی ایئر لائن کا بوئنگ 70 طیارہ دو دن سے پیرس میں خراب کھڑا ہے، قومی ایئر لائن کی لاہور دبئی کی 2 پروازیں پی کے 203، 204 منسوخ کر دی گئی ہیں۔
اسلام آباد پیرس کی قومی ایئر لائن کی پرواز 22 گھنٹے کی تاخیر کے بعد صبح 9 بجے روانہ ہوئی، قومی ایئر لائن کی اسلام آباد کوالالمپور کی پرواز پی کے 894 آٹھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہے۔
کراچی ایئرپورٹ کی آمد اور روانگی کی 15 پروازوں میں تاخیر رپورٹ ہوئی ہے۔
فلائٹ شیڈول کے مطابق کراچی گوادر تربت سکھر کی 6 پروازوں کی روانگی میں چار گھنٹے تک کی تاخیر ہے۔
کراچی سے گوادر کی پرواز پی کے 503 کی دن 11 بجے جبکہ کراچی سے تربت کی قومی ایئر لائن کی پرواز پی کے 501 کی روانگی شام 4 بجے متوقع ہے۔
اسی طرح کراچی سے سکھر کی پرواز پی کے 536 کی روانگی میں پونے تین گھنٹے تاخیر ہے۔ کراچی لاہور کی پرواز پی ایف 142 کی روانگی میں 6 گھنٹے جبکہ اسلام آباد جدہ کی پرواز 801 کی روانگی میں 8 گھنٹے کی تاخیر کی گئی ہے۔