بھارت میں مذہبی عدم برداشت کے سنگین نوعیت کے واقعات ہوتے ہیں: مراد علی شاہ


وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ دنیا میں مذہب کے حوالے سے کتنی عدم برداشت ہے، بھارت میں مذہبی عدم برداشت کے سنگین نوعیت کے واقعات ہوتے ہیں۔
اپنے بیان میں مراد علی شاہ نے کہا کہ فخر سے کہہ سکتا ہوں کہ سندھ مذہبی رواداری سے متعلق پوری دنیا میں مثال ہے، سندھ صوفیوں کی دھرتی ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ شاہ عبداللطیف بھٹائی کے عرس کا آج آخری روز ہے، سندھ کے صوفیوں نے مذہبی رواداری کا درس دیا، ہندو، سکھ، مسیحی اور ہر مذہب کے لوگ ساتھ ہیں اور اقلیتوں کا دن منا رہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام مذاہب کے لوگوں کو وزیر اعلیٰ ہاؤس بلایا تھا اور درخواست کی کہ پاکستان کی بقاء اور سالمیت کے لیے دعائیں کریں۔
اُنہوں نے کہا کہ حکومت سندھ ہمیشہ اقلیتی برادری کے ساتھ کھڑی رہے گی، کوئی بھی جب ملک پر بری نظر سے دیکھتا ہے تو سب اکٹھے ہو کر پاکستان کی بقاء کے لیے ہر حد تک جانے کے لیے تیار رہتے ہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ اقلیتوں کو حق ملے، سندھ حکومت نے اقلیتی عبادت گاہوں کو تحفظ فراہم کیا ہے، اقلیتیوں کی عبادت گاہوں کے لیے انہی کے مذاہب کے لوگ پولیس میں بھرتی کیے گئے ہیں۔