پی ٹی آئی 180 سیٹوں پر کامیاب ہوئی تھی، 76 نمائندگان رہ گئے، بیرسٹر گوہر


پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ 8 فروری کو پی ٹی آئی 180 سیٹوں پر کامیاب ہوئی تھی مگر یہ مینڈیٹ چھینا گیا، آج ہمارے ایوان میں 76 نمائندگان رہ گئے ہیں۔
پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارا مینڈیٹ چوری بھی ہوا اورجو ملا ہوا مینڈیٹ تھا وہ تسلیم نہیں ہوا، پاکستان تحریک انصاف نے تین کروڑ ووٹ لیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ تحریک تب تک چلے گی جب تک ہر دل عزیز لیڈر کو رہائی نہیں ملتی، ہم نے ہمیشہ 9 مئی کی مذمت کی ہے، ہمارے رہنماؤں کو دس، دس اور پانچ، پانچ سال کی سزا ہوئی، یاسمین راشد 74 سال کی ہیں، کینسر کی مریض ہیں۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے کہا کہ آج کے فیصلے کو ہم کورٹ میں چیلنج کریں گے، ان فیصلوں میں انصاف دور دور تک نظر نہیں آرہا۔
محمود خان اچکزئی نے کہا کہ کیا 9 مئی کی دہشتگردی خطرناک تھی یا الیکشن چرانا زیادہ خوفناک تھا؟ پی ٹی آئی کا انتخابی نشان چھینا گیا، 9 مئی کیس میں آج پھر کئی رہنماؤں کو دس، دس سال قید کی سزا سنائی گئی۔
محمود اچکزئی نے کہا کہ اس وقت ملک میں آئین ہے نہ قانون ہے، ہم یہ اسمبلی چلنے نہیں دیں گے۔