پاکستان اور امریکا کا نئی ٹیکنالوجی کے دہشتگردی میں استعمال سے نمٹنے پر اتفاق


پاکستان اور امریکا نے انسداد دہشتگردی ڈائیلاگ کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کردیا۔
اعلامیے کے مطابق ڈائیلاگ کی صدارت نبیل منیر اور گریگری ڈی لوجرفو نے مشترکہ طور پر کی جس میں ہر قسم کی دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق فریقین نے بی ایل اے، داعش خراسان اور ٹی ٹی پی کے خطرات سے نمٹنے پر زور دیا، ساتھ ہی امریکا نے پاکستان کی دہشتگردوں کو قابو کرنے کی کامیابیوں کو سراہا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ امریکا نے جعفر ایکسپریس اور خضدار اسکول بس حملے میں جانی نقصان پر تعزیت کی۔ سیکیورٹی چیلنجز اور نئی ٹیکنالوجی کے دہشتگردی میں استعمال سے نمٹنے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور صلاحیتوں میں اضافہ کرنے پر بھی زور دیا گیا اور دہشتگردی کے خاتمے اور امن و استحکام کیلئے مسلسل اور منظم روابط کو ضروری قرار دیا گیا۔
اقوام متحدہ سمیت کثیر الجہتی فورمز پر قریبی تعاون جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا گیا۔