پاکستان پُرامن ملک ہے، ہم معاشی ترقی چاہتے ہیں: اسحاق ڈار


نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان پُرامن ملک ہے، ہم معاشی ترقی چاہتے ہیں۔
لاہور میں حضرت داتا گنج بخش کے عرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری آ رہی ہے، ترقی کا سفر اگرچہ لمبا ہوتا ہے لیکن شروع ہو چکا ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ان شاء اللّٰہ ہم ترقی کے سفر کو مکمل کریں گے، یوم آزادی ہمارے لیے ایک مبارک دن ہے، قوم کو یوم آزادی بہت بہت مبارک ہو، اللّٰہ کریم پاکستان کو ترقی یافتہ اسلام کا قلعہ بنائے۔
انہوں نے کہا کہ اللّٰہ کریم نے پاکستان کو معرکہ حق جیسی کامیابی عطاء کی، بھارت کے ساتھ جنگ میں اللّٰہ تعالیٰ نے بے مثال کامیابی عطاء کی، وزیر اعظم کی قیادت میں معاشی اور سفارتی محاذ پر سفر جاری ہے۔
وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم، فیلڈ مارشل اور میں کئی بیرونی دوروں پر اکٹھے رہے، تمام ادارے اور تمام سیاسی جماعتیں مل کر کام نہیں کریں گی تو وقت ضائع ہوتا رہے گا۔
نائب وزیر اعظم نے کہا کہ پی ٹی آئی پر اس حکومت نے مقدمات نہیں بنائے تھے، پی ٹی آئی کے مقدمات عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، ہم عدالتوں کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی فورمز پر بھی مذمت کی ہے۔ وزیر اعظم کہہ چکے ہمارا پانی روکا گیا تو اسے جنگ سمجھا جائے گا، کوئی بھی ایک فریق اپنے طور پر عالمی معاہدوں کو ختم نہیں کر سکتا۔