مسلح گروہوں کے سہولتکار کا گھر گرا کر علاقہ بدر کیا جائے گا، جرگے کا فیصلہ

خیبر پختونخوا کے ضلع باجوڑ میں جرگے نے مسلح گروہوں کے سہولتکار کو سزا دینے کے فیصلے کا اعلان کردیا۔
باجوڑ میں اقوام سالار زئی کا کہنا ہے کہ سالار زئی میں کسی نے بھی مسلح گروہوں کی سہولت کاری کی تو اُس کا گھر مسمار کرکے اسے علاقہ بدر کیا جائے گا۔
جرگے کا کہنا ہے کہ مسلح گروہوں کے سہولت کار پر 50 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد ہوگا اور اُس کا خاندان پوری قوم کا دشمن ہوگا۔
دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج نے مقامی کمانڈرز کو باجوڑ چھوڑنے سے روک دیا۔
فتنہ الخوارج کے نور ولی نے اعلامیے میں کہا کہ مقامی کمانڈرز کو باجوڑ چھوڑنے کی اجازت نہیں ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج اعلامیے میں باجوڑ آپریشن کو باجوڑ عوام پر ظلم قرار دیا گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے 18 اگست کو باجوڑ عوام سے کہا تھا کہ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کو علاقے میں نہ آنے دیں۔




