امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بھی بسنت منائی

پاکستان میں امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر نے بھی لاہور میں بسنت منائی اور بسنت کی مناسبت سے لباس زیب تن کیا۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب اور عظمیٰ بخاری کے ہمراہ امریکی سفارتی وفد نے بسنت کی تقریبات میں شرکت کی۔
مریم اورنگزیب نے امریکی سفارتکاروں کو پتنگ اڑانی سکھائی، انہوں نے بسنت کے موقع پر کی گئی سجاوٹ اور دیگر تیاریوں سے بھی آگاہ کیا۔
امریکی سفیر، قونصل جنرل اور انڈر سیکریٹری نے پتنگ اڑائی اور وفد نے لاہوری کھانوں، ثقافت، ثقافتی ورثے اور مہمان نوازی کو سراہا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں قوموں کو قریب لانے کا مؤثر ذریعہ ہیں، پاکستان اپنی روایات کے ذریعے دوستی کا پیغام دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بسنت جیسے تہوار پاکستان کی مثبت اور پُرامن شناخت کو اجاگر کرتے ہیں، امریکی سفارتی وفد کو روایتی پتنگ بازی سے روشناس کرایا گیا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ امریکی وفد سے غیر رسمی ماحول میں دوستانہ تبادلہ خیال ہوا، ایسے مواقع باہمی اعتماد اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ثقافت، مہمان نوازی اور امن کے پیغام کے ساتھ دنیا سے جُڑا ہوا ہے۔



