پی ایم ڈی سی جنرل جامعات سے ایم فل، پی ایچ ڈی، ایم ڈی کرنیوالوں کی رجسٹریشن نہیں کریگا، سیکڑوں ڈاکٹرز متاثر

پی ایم ڈی سی جنرل جامعات سے ایم فل، پی ایچ ڈی، ایم ڈی کرنیوالوں کی رجسٹریشن نہیں کریگا، سیکڑوں ڈاکٹرز متاثر
فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (PM&DC) نے ایک بار پھر جنرل جامعات سے ایم فل، پی ایچ ڈی، ایم ایس اور ایم ڈی پر اعراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ صرف پی ایم ڈی سی سے تسلیم شدہ اداروں کی اعلیٰ تعلیمی اسناد کو رجسٹرڈ کیا جائے گا۔

پی ایم ڈی سی کے مطابق صرف ان امیدواروں کی اعلیٰ تعلیمی اسناد کی رجسٹریشن ہوگی جن کے فائنل امتحان 31 دسمبر 2023 تک منعقد ہوئے ہوں جبکہ ڈگری پر درج امتحان کی تاریخ کو بنیاد بنایا جائے گا۔

اس فیصلے سے یکم جنوری 2024 سے جنرل جامعات سے ایم فل، پی ایچ ڈی، ایم ایس اور ایم ڈی کو پی ایم ڈی سی رجسٹرڈ نہیں کرے گی اور ان ڈگریوں کے حامل سیکڑوں ڈاکٹرز کی محنت، وقت اور پیسہ تینوں ضائع ہوجائیں گے۔

پی ایم ڈی سی نے رجسٹریشن کے حوالے سے باقاعدہ پریس ریلیز جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پوسٹ گریجویٹ میڈیکل اور ڈینٹل ڈگریوں، جن میں MS، MD، MDS، M.Phil، Ph.D، FCPS، MCPS اور مختلف ڈپلومہ پروگرام شامل ہیں، یہ ڈگریاں پاکستانی یونیورسٹیز، اداروں اور کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (CPSP) کی جانب سے جاری کی جاتی ہیں۔

کونسل نے ان کیسز پر تفصیلی غور کیا جن میں ایسے ٹریننگ اداروں سے حاصل کردہ ڈگریاں شامل تھیں جو PM&DC ایکٹ 2022 کے سیکشن 25 کے تحت تسلیم شدہ نہیں ہیں، اور ساتھ ہی پرانی دی گئی ایمنسٹی اقدامات پر بھی غور کیا گیا جو رجسٹریشن میں سہولت کے لیے دی گئیں تھیں۔

پی ایم ڈی سی کی پوسٹ گریجویٹ میڈیکل ایجوکیشن کمیٹی نے 7 جنوری 2026 کے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ غیر تسلیم شدہ ٹریننگ سائٹس سے حاصل کردہ اور 31 دسمبر 2023 کی ایمنسٹی ڈیڈ لائن میں شامل نہ ہونے والی پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کو رجسٹر نہیں کیا جائے گا۔

سیکریٹریٹ کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ زیر التوا درخواستوں کو قانون اور کونسل کے فیصلوں کے مطابق نمٹائے۔

مزید غور و خوض کے بعد کونسل نے تمام یونیورسٹیز اور CPSP کی جانب سے جاری کردہ پوسٹ گریجویٹ کوالیفکیشنز کی رجسٹریشن کے عمل کو ہم آہنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ طے پایا کہ رجسٹریشن کا بنیادی معیار ٹریننگ پروگرام میں داخلے یا شمولیت کی تاریخ ہوگی، جس کا تعلق PM&DC ایکٹ 2022 کے نفاذ سے ہوگا۔ جو امیدوار ایکٹ کے نفاذ سے قبل داخل ہوئے، وہ مقررہ شرائط کی تکمیل پر ایمنسٹی کے تحت رجسٹریشن کے اہل ہو سکتے ہیں۔

کونسل نے 4 جون 2023 کے فیصلے کی بھی توثیق کی، جس میں واضح کیا گیا تھا کہ PM&DC ایکٹ 2022 کا اطلاق ماضی پر نہیں ہوتا۔ لہٰذا 16 جنوری 2023 سے قبل داخل ہونے یا کوالیفائی کرنے والے امیدوار سابقہ قانونی فریم ورک کے تحت سمجھے جائیں گے جبکہ اس تاریخ کے بعد داخل ہونے والے امیدواروں کے لیے ادارے، ڈگری اور ٹریننگ سائٹ کی قانونی طور پر تسلیم شدہ حیثیت ضروری ہوگی۔ 19 ستمبر 2023 کے فیصلے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پوسٹ گریجویٹ ڈگری اور ٹریننگ ادارے کی باقاعدہ منظوری لازمی ہے۔

سابقہ PMC ایکٹ 2020 کے تحت جمع کرائی گئی درخواستیں موجودہ قانون کے تحت قابلِ عمل نہیں ہیں اور نئی درخواستیں PM&DC ایکٹ 2022 کے مطابق جمع کروانی ہوں گی۔ محدود مدت کی ایک بار ایمنسٹی بھی دی گئی، جو مخصوص شرائط سے مشروط ہے۔ 13 جون 2024 اور 6 اگست 2024 کے فیصلوں کے مطابق یہ ایمنسٹی صرف ان امیدواروں پر لاگو ہوگی جن کا فائنل امتحان 31 دسمبر 2023 تک منعقد ہوا ہو، اور ڈگری پر درج امتحان کی تاریخ کو بنیاد بنایا جائے گا۔

مزید برآں، کونسل نے ایچ ای سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹیوں سے حاصل کردہ بنیادی سائنسز کی پوسٹ گریجویٹ ڈگریوں کی رجسٹریشن کی منظوری دی، بشرطیکہ داخلہ 27 ستمبر 2022 تک ہوا ہو۔

پی ایم ڈی سی کے صدر پروفیسر ڈاکٹر رضوان تاج نے اس بات کی تصدیق کی کہ قانون کے مطابق تمام اسپیشلسٹس کے ساتھ یکساں سلوک کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد میرٹ کا تحفظ، یکساں معیار کا قیام، اور پاکستان میں میڈیکل ایجوکیشن اور اسپیشلسٹ ٹریننگ کے معیار اور سالمیت کو برقرار رکھنا ہے۔ کونسل شفاف، قانون کی تعمیل اور پوسٹ گریجویٹ میڈیکل تعلیم کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں