آیت اللّٰہ خامنہ ای اور ساتھیوں کی شہادت عالمِ اسلام کیلئے افسوسناک خبر ہے، علامہ طاہر محمود

چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی جارحیت پر عالم اسلام کو شدید افسوس ہے، رہبرِ معظم آیت اللّٰہ سید علی خامنہ ای اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پورے عالمِ اسلام کےلیے افسوسناک خبر ہے۔
لاہور سے جاری بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ احتجاج کرنے والوں سے گزارش ہے کہ صبر، تحمل، بردباری اور اتحاد کا مظاہرہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ ساتھ پاکستان بھی دشمن کا نشانہ ہے۔ اسرائیل، بھارت اور اسلام مخالف قوتوں نے پاکستان کو افغانستان کے خلاف لڑایا ہے۔
حافظ محمد طاہر محمود نے کہا ان حالات میں کراچی میں پیش آنے والا واقعہ قابلِ افسوس ہے، امید ہے سندھ حکومت کی تشکیل کردہ جے آئی ٹی جلد حقائق سامنے لائے گی۔
انہوں نے کہا کہ پُرامن احتجاج ہر شہری کا حق ہے لیکن اپنے ہی ملک میں توڑ پھوڑ دانشمندی نہیں۔
علم میں رہے کہ امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللّٰہ علی خامنہ ای شہید ہوگئے۔
ایران کے سرکاری میڈیا نے آیت اللّٰہ کی شہادت کی تصدیق کردی جبکہ ایران بھر میں 7 روزہ تعطیل اور 40 روز کے سوگ کا اعلان بھی کردیا گیا۔
آیت اللّٰہ خامنہ کی شہادت کے بعد ملک بھر میں مظاہرے شروع ہوگئے، کراچی میں امریکی قونصل خانہ کے باہر مشتعل مظاہرین کو روکنے کی کوشش میں پولیس کی شیلنگ کے دوران 8 افراد جاں بحق ہوگئے۔



