کراچی میں امریکی قونصلیٹ پر دھاوا بولنے والے مظاہرین پر میرینز نے فائرنگ کی: امریکی حکام

امریکی حکام نے کہا ہے کہ کراچی میں قونصلیٹ پر دھاوا بولنے والے مظاہرین پر امریکی اہلکاروں نے فائرنگ کی۔
خبر ایجنسی سے گفتگو میں 2 امریکی حکام نے کہا ہے کہ میرینز کی فائر کی گئی گولیاں کسی کو لگیں یا ہلاکت کا سبب بنیں یہ واضح نہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق امریکی میرینز نے کراچی قونصلیٹ والے معاملے پر سوالات کے جواب امریکی فوج کو بھیج دیے، امریکی فوج نے کراچی قونصلیٹ والا معاملہ محکمۂ خارجہ کے سپرد کر دیا ہے، امریکی محکمۂ خارجہ نے تاحال اس سے متعلق کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔
امریکی حکام نے کہا ہے کہ یہ بھی معلوم نہیں کہ قونصلیٹ پر مامور دیگر سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کی یا نہیں، امریکی قونصلیٹ کی حفاظت پر مامور دیگر اہلکاروں میں نجی سیکیورٹی گارڈز اور مقامی پولیس شامل ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ پولیس حکام نے بتایا ہے کہ گولیاں قونصل خانے کے احاطے کے اندر سے چلائی گئیں۔
واضح رہے کہ اتوار کو کراچی میں مظاہرین کی امریکی قونصل خانے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران ہنگامہ آرائی ہوئی تھی، اس موقع پر جھڑپوں میں جاں بحق ہونے والے افراد کی تعداد 11 ہو چکی ہے۔




