جے ایس ایم یو میں افواج پاکستان سے یکجہتی ریلی کا انعقاد

جے ایس ایم یو میں افواج پاکستان سے یکجہتی ریلی کا انعقاد
— تصویر بشکریہ رپورٹر
— تصویر بشکریہ رپورٹر

جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں پاکستان کی مسلح افواج کے آپریشن غضب للحق کے حق میں ایک بھرپور یکجہتی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ 

یہ ریلی سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن کی ہدایات کی روشنی میں منعقد کی گئی، جس میں طلبہ، فیکلٹی اور انتظامی عملے کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی کی قیادت وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے کی، جبکہ سندھ میڈیکل کالج کی پرنسپل پروفیسر عنبرین عثمانی بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ شرکاء نے پاک فوج زندہ باد اور پاکستان پائندہ باد کے نعرے بلند کرتے ہوئے قومی سلامتی کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے اپنے پیغام میں کہا کہ قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا۔ پاکستان کی مسلح افواج ہماری قومی خودمختاری کی ضامن ہیں اور پوری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن غضب للحق صرف ایک کارروائی نہیں بلکہ قومی عزم کی علامت ہے۔ ہماری افواج کی قربانیاں ہماری آزادی کی بنیاد ہیں اور ان کا احترام ہم سب پر فرض ہے۔ ملکی سلامتی کے معاملے پر کوئی ابہام نہیں ، ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔

پرنسپل سندھ میڈیکل کالج پروفیسر عنبرین عثمانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہماری نوجوان نسل اپنی افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے دی جانے والی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ قوم اپنی افواج کے ساتھ ہے اور ان کے عزم کو سلام پیش کرتی ہے۔

ریلی کے شرکاء میں ڈینز اور ڈائریکٹرز کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔ 

شرکاء نے پاک فوج کی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی خودمختاری اور استحکام کے لیے ہر سطح پر متحد رہیں گے۔ اس موقع پر جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں قومی یکجہتی اور اتحاد کی ایک مثالی تصویر دیکھنے میں آئی۔



50% LikesVS
50% Dislikes
March 2026
M T W T F S S
 1
2345678
9101112131415
16171819202122
23242526272829
3031  

اپنا تبصرہ بھیجیں