بانی پی ٹی آئی سے ملاقات اور علاج کیلئے عظمیٰ خان نے عدالت سے رجوع کرلیا

بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو اسپتال منتقل کرنے کیلئے ان کی بہن عظمیٰ خان نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔
اپنی درخواست میں عظمیٰ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو علاج کیلئے اسپتال منتقل کیا جائے، ان کے طبی معائنے اور علاج کے دوران رسائی دی جائے۔
عظمیٰ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت کے بارے میں فوری اور بروقت معلومات فراہم کی جائے، طبی معائنہ ان کی پسند کے ڈاکٹرز سے کروایا جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ ڈاکٹر خرم مرزا، ڈاکٹر عاصم یوسف، ڈاکٹر فیصل سلطان اور ڈاکٹر ثمینہ نیازی کو طبی معائنہ ٹیم میں شامل کیا جائے، بانی پی ٹی آئی کے بلڈ ٹیسٹ کروائے جائیں، علاج کیلئے شفا انٹرنیشنل اسپتال منتقل کیا جائے۔
یہ استدعا بھی کی گئی ہے کہ دوران حراست اور علاج کے دوران معالجین، اہلخانہ اور وکلا کو بانی پی ٹی آئی تک مسلسل رسائی دی جائے، بانی کی گزشتہ 3 ماہ کی بلڈ ٹیسٹ، آئی ٹیسٹ اور تشخیصی رپورٹس سمیت مکمل طبی رپورٹس فراہم کی جائیں۔




