یوم القدس کے موقع پر ٹریفک پلان جاری
یوم القدس کے موقع پر کراچی کے لیے ٹریفک پلان جاری کر دیا گیا، کراچی میں آج دوپہر 12 بجے سے مختلف سڑکیں بند کر دی جائیں گی۔
ٹریفک پولیس کے مطابق بوٹ بیسن سے جناح برج اور مائی کلاچی آنے جانے والی دونوں سڑکیں بند رہیں گی۔
ٹریفک پولیس نے بتایا ہے کہ پی آئی ڈی سی سے جناح برج اور ایم ٹی خان روڈ جانے والے دونوں ٹریک بھی بند رہیں گے، بوٹ بیسن سے مائی کلاچی آنے والے ٹریفک کو یوٹرن دے کر واپس بھیجا جائے گا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق پی آئی ڈی سی سے جناح برج آنے والے ٹریفک کو کھجور چوک کی طرف موڑا جائے گا، جناح برج سے آنے والے ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ بھیجا جائے گا۔
ٹریفک پولیس نے عوام کو نماز جمعہ کے بعد ایم اے جناح روڈ کے بجائے متبادل روٹ کا انتخاب کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ٹریفک پولیس نے بتایا کہ تین ہٹی سے ٹاور جانے والے شہری گرومندر سے سولجر بازار جاسکتے ہیں، تین ہٹی سے ٹاور جانے والے شہری کوریڈورتھری کا راستہ بھی اختیار کر سکتے ہیں۔
ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ عید گاہ چوک سے نمائش جانے والے شہری تبت چوک سے ایمپریس مارکیٹ کا راستہ اختیار کر سکتے ہیں جبکہ داؤد پوتا روڈ اور لکی اسٹار سے نمائش آنے والے ٹریفک کو پی پی چورنگی اور ریگل چوک بھیجا جائے گا۔




