تنویر پاستا کا کمیشن میں جواب جمع

گل پلازا ایسوسی ایشن کے صدر تنویر پاستا نے کمیشن کے سوالنامے کا جواب جمع کرواتے ہوئے سانحے میں ہلاکتوں کا ذمے دار ریسکیو کے سُست انتظامات کو قرار دیا ہے۔
تنویر پاستا کے مطابق فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی 10 بج کر 55 منٹ پر پہنچی، 20 منٹ میں فائر ٹینڈر میں پانی ختم ہو گیا تھا، مزید 2 ٹینڈر ساڑھے 11 بجے پہنچے تب تک آگ گراؤنڈ فلور پر تینوں اطراف پھیل چکی تھی۔
تنویر پاستا نے اپنے جواب میں بتایا ہے کہ ریسکیو اہلکاروں کے پاس مناسب آلات، ماسک اور حفاظتی سامان موجود نہیں تھا، فائر فائٹرز کے پاس فوم یا کیمیکل موجود نہیں تھا، مارکیٹ انتظامیہ نے اپنی مدد آپ کے تحت نجی ٹینکرز کا انتظام کیا، ریسکیو کارروائیاں ابتدائی طور پر بہت سست تھیں۔
تنویر پاستا کا کہنا ہے کہ امدادی سرگرمیاں فجر کے بعد متحرک ہوئیں تب تک آگ شدت اختیار کر چکی تھی، عمارت میں پھنسے لوگوں کی جانب سے لوکیشن ملنے پر کچھ افراد کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا گیا، مناسب ریسکیو سہولتیں نہ ہونے کے باعث کئی افراد کو بچایا نہیں جا سکا۔




