پاکستانی ہائی کمیشن نئی دہلی میں یوم پاکستان کی تقریب

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن میں یوم پاکستان کی تقریب قومی جذبے اور جوش و خروش سے منائی گئی۔
قائم مقام ناظم الامور سعد احمد وڑائچ نے پرچم کشائی کی، تقریب میں ہائی کمیشن کے افسران، عملے اور اہلخانہ نے شرکت کی، اس موقع پر صدر، وزیراعظم، نائب وزیراعظم کے پیغامات پڑھ کر سنائے گئے۔
تقریب سے خطاب میں سعد احمد وڑائچ نے کہا کہ 23 مارچ 1940ء کی قرارداد لاہور نے مسلمانوں کو الگ وطن کے حصول کی جدوجہد کی سمت دی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے شہداء کی قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی، آزادی کا تحفظ، ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے مسلسل کوششیں ضروری ہیں۔
قائم مقام ناظم الامور نے مزید کہا کہ تاریخ کا سبق ہے کہ وہی قومیں آزاد رہتی ہیں، جو اپنے دفاع کی صلاحیت رکھتی ہوں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور آزادی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے، مسلح افواج نے دفاعِ وطن میں جرات اور بہادری کی مثال قائم کی۔




