کلفٹن کے سپر اسٹور میں لگی آگ تاحال بجھائی نہ جا سکی، ریسکیو آپریشن جاری

کلفٹن کے سپر اسٹور میں لگی آگ تاحال بجھائی نہ جا سکی، ریسکیو آپریشن جاری

کراچی کے علاقے کلفٹن میں زمزمہ پارک سے متصل ایک سپراسٹور میں لگی آگ پر تاحال قابو نہ پایا جا سکا۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ عمارت کے بیسمنٹ، گراؤنڈ اور فرسٹ فلور تک پھیل چکی تھی تاہم اب مزید پھیلاؤ روک دیا گیا ہے، عمارت میں دھویں کی شدت میں کمی آئی ہے، آگ بجھانے کے لیے 12 فائر ٹینڈر، 2 واٹر باؤزر اور ایک اسنارکل استعمال کی جا رہی ہے جبکہ ریسکیو ٹیمیں عمارت کے اندر داخل ہو کر کارروائیاں کر رہی ہیں۔

اس سے قبل چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے کہا تھا کہ فائر بریگیڈ کو صبح 6 بجے آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی جس کے فوراً بعد صدر فائر اسٹیشن سے فائر ٹینڈرز روانہ کیے گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ اسٹور کے بیسمنٹ میں موجود اے ٹی ایم سے لگی جسے بجھانے کی کوشش اسٹور کے عملے نے پہلے خود کی تاہم آگ فالس سیلنگ کے باعث تیزی سے پھیل گئی۔

حکام کے مطابق آگ بیسمنٹ سے شروع ہوئی تھی، واقعے کے وقت اسٹور کے اندر کوئی اسٹاف موجود نہیں تھا جس کے باعث کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔

اسٹور میں موجود تمام افراد کو بروقت ریسکیو کیا گیا: میئر کراچی

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے جائے حادثہ کے دورے کے موقع پر کہا کہ چیف فائر آفیسر، ڈی سی اور ایس ایس پی تمام یہاں موجود ہیں، بروقت کارروائی کرتے ہوئے عملہ پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ آگ لگنے کے واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں، اسٹور کے اندر موجود تمام افراد کو بروقت ریسکیو کیا گیا، واٹر کارپوریشن کی جانب سے بھی واٹر ٹینکرز پہنچ رہے ہیں، بالائی منزل کے بعض مقام پر معمولی آگ یا دھواں ہے۔

فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں و اسنارکل موقع پر موجود

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ اسٹور کے بیسمنٹ سے شروع ہو کر گراؤنڈ فلور تک پھیل گئی ہے، جسے بجھانے کے لیے ابتداء میں 8 فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا جبکہ اس وقت فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں اور اسنارکل موقع پر موجود ہیں اور مسلسل کارروائی جاری ہے، ریسکیو اہلکاروں کو عمارت کے اندر رسائی حاصل کرنے کے لیے دیواریں بھی توڑنا پڑ رہی ہیں۔

ڈی سی ساؤتھ جاوید نبی کے مطابق واقعے کے وقت اسٹور کے اندر کوئی شخص موجود نہیں تھا جس کے باعث کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، پولیس کی نفری بھی موقع پر تعینات ہے اور بیسمنٹ میں لگی آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں۔

انتظامیہ کی جانب سے عمارت میں موجود فائر فائٹنگ اور فائر الارم سسٹم کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین بعد میں کیا جائے گا۔



50% LikesVS
50% Dislikes

اپنا تبصرہ بھیجیں